اجمیر:28/نومبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)قانون، انصاف اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے ملک میں نوٹوں کی منسوخی کو جائز قرار دیتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی نوٹوں کی منسوخی کے ذریعہ ہندستان کو ایماندار بنانے میں مصروف ہیں۔مسٹر پرساد نے آج یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ اس کے ذریعہ14لاکھ کروڑ روپے بینک میں جمع ہوئے ہیں، جس پر ٹیکس دینا ہوگا۔ اب تک آٹھ ہزار کروڑ روپے ٹیکس کے طورپر جمع ہوچکے ہیں۔ انہوں نے اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کوایک ملک ایک ٹیکس نظام کے تحت نہایت عمدہ کوشش قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس سے سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہواہے۔انہوں نے کہاکہ شرح نمو 7.4فیصد ہے جو آگے آٹھ فصد تک پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بیدار کیا جائے تو ہی بیداری آئے گی۔انہوں نے راجستھان کی ترقی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ یہاں اسمارٹ سٹی یوجنا، امرت یوجنا، ہردے یوجنا، پرساد یوجنا کے ذریعہ بڑے کام کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں کے ذریعہ ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی ہے۔